رواں سال جون تک ایران اور افغانستان کی سرحد پر بارڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا جائے گا، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی پاک۔ایران سرحد کے فضائی معائنہ کے موقع پر گفتگو

62

گوادر۔19فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رواں سال جون تک ایران اور افغانستان کی سرحد پر بارڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا جائے گا، تجارت اور آمدورفت کو آسان بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاک۔ایران سرحد کے فضائی معائنہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر داخلہ چار روزہ دورے پر بلوچستان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے گوادر، تربت، مند اور ریدیگ کے سرحدی علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ نے بلوچستان میں حال ہی میں قائم کئے گئے رمدان ۔گبد پاکستان ایران ٹریڈ گیٹ وے کا دورہ کیا۔

انہوں نے پاکستان ایران کے درمیان تجارتی سامان کی ترسیل سے متعلق سہولیات کا جائزہ لیا۔ آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجر جنرل آئمان بلال صفدر وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کےسرحدی بارڈر پر باڑ لگانے کا کام

40 فیصد مکمل ہوچکا، پاکستان ایران 928 کلومیٹر بارڈر پر باڑ کا کام جون تک مکمل ہو جائے گا، پاکستان افغانستان بارڈر پر بھی باڑ کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا، رواں سال جون تک ایران اور افغانستان بارڈز پر باڑ کا کام سو فیصد مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بارڈرمینجمنٹ کو جدید بنا رہے ہیں،ملک کی داخلہ سلامتی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تجارت کے فروغ اور لوگوں کی آمدورفت کو آسان بنائیں گے۔ وزیر داخلہ اپنے دورے میں گوادر پورٹ اور تفتان بارڈر کا بھی معائنہ کریں گے ۔