اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری صحت افتخار شلوانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں سال دو پولیو کیس اور 27 مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوچکے ہیں،ملک میں 2 اکتوبر سے قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو رہا ہے ۔ منگل کووزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق افتخار شلوانی نے کہا کہ ملک میں جہاں بھی وائرس پایا گیا ہے وہاں پاکستان پولیو پروگرام نے اب تک کئی موثر مہمات کا انعقاد کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم ایک قوم کی طرح پولیو سے پاک پاکستان کے لیے پرعزم ہیں تاکہ ہمارے بچوں کو اس بیماری سے تحفظ کے ساتھ زندگی جینے کا موقع ملے۔ وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ ملک بھر میں2 اکتوبر سے قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو رہا ہے جس میں 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ کراچی اور ہنگو کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔