رواں سال سرکاری سکیم کے تحت حج پیکج 6 لاکھ 50 ہزار روپے سے بھی کم پر لانے کی کوشش کی جائے گی، وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور

245

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے قومی اسمبلی کو یقین دلایا ہے کہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں رواں سال سرکاری سکیم کے تحت حج پیکج 6 لاکھ 50 ہزار روپے سے بھی کم پر لانے کی کوشش کی جائے گی، سابق حکومت کی حج کے حوالے سے بدعنوانیوں کی تفصیلات سامنے لائوں گا۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں حج کے حوالے سے پالیسی بیان دیتے ہوئے مفتی عبدالشکور نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا۔ ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی کی زد میں حج جیسا مقدس فریضہ بھی آگیا ہے۔ آپۖ ہمارے دلوں کی دھڑکن ہیں، روضہ پاک کے دروازے بھی عالمی وبا کی وجہ سے بند ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ حج کے حوالے سے مجھے جو تفصیلات فراہم کی گئیں اس سے میرے اوسان خطا ہوگئے تھے سستے حج کے لیے کوشش کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے بھی حکم دیا کہ حج کو سستا کیا جائے اللہ نے میرے لئے راستے کھولے، حج محض عام عبادت نہیں عشق کا معاملہ ہے۔ میں نے ابوظہبی میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس میں شرکت کی، میرے وہاں پر خطاب کو عرب دنیا نے سراہا۔ میں کانفرنس کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ابوظہبی حکومت نے ہمیں یقین دلایا کہ پاکستان میں تعلیم کے لئے 14 منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

اس کے بعد میں ریاض سعودی عرب گیا وہاں دنیا بھر کے اقلیتی برادریوں کے مذہبی پیشوا اور وزرا مذہبی امور بھی تھے رابطہ عالم اسلامی کے سربراہ نے میری تقریر سن کر مجھے کہا کہ آپ کی تقریر سے ہمیں رہنمائی ملی ہے اس سے پوری دنیا کی اقلیتوں کے لئے اچھا پیغام گیا ہے انہوں نے مجھے دعوت دی کہ آئندہ غلاف کعبہ کی تیاری میں آپ کو سعادت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے حج انتظامات کا خود جائزہ لیا، مکہ مکرمہ میں پہلے جو عمارت ماضی میں 3 ہزار ریال پر حاصل کی جاتی تھی وہ میں نے 2100 ریال میں لی اسی طرح مدینہ میں 1 ہفتہ کے لئے پہلے جو عمارت 2100 ریال میں لی جاتی تھی وہ میں نے 700 ریال میں حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء میں آخری حج اخراجات 1800 ریال تھے، اب ہمیں بتایا گیا کہ سعودی عرب اب لازمی حج اخراجات کی مد میں 5 ہزار ریال مانگ رہا ہے میری خواہش تھی کہ حج اخراجات 7 لاکھ روپے سے نیچے لائے جائیں مگر سعودی عرب نے 9 ہزار ریال مانگے ہیں میں یقین دلاتا ہوں کہ سرکاری سکیم کے تحت حج پیکج 6 لاکھ 50 ہزار سے کم لانے کی کوشش کروں گا اور سابق حکومت کے حج کے حوالے سے بدعنوانیوں کی تفصیلات سامنے لائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں سیر سپاٹے کا عادی نہیں ہوں میں سب کچھ اللہ اور پاکستان کے لئے کرتا ہوں حج کے حوالے سے دروغ گوئی سے کام نہیں لوں گامیں نے حج اور عمرے کئے ہیں اس کے علاوہ دنیا میں کہیں بھی بطور رکن اسمبلی دورہ نہیں کیا۔ ختم نبوت ، روحانیت اور تبلیغ کے لئے دورے کریں گے اور جو لوگ ختم نبوت کا نام نہیں لے سکتے وہ اب دوبارہ کبھی نہیں آئیں گے۔

ہم حج اور عمرے کے علاوہ اقلیتی برادری کے لئے بھی آسانیاں پیدا کرتے ہوئے اقلیتی برادری کے فنڈز پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے پیٹ سے بھی رقم نکالیں گے ۔ ہم عشق رسول پر جان بھی نچھاور کریں گے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف، مولانا اسعد محمود نے حج پیکج کم کرنے کے لئے تعاون کیا ہے میں ان کا شکرگزار ہوں بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف نے میرے حلقہ میں لگنے والی آگ بجھانے کے لئے باہر سے جہاز منگوائے ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کا آتشزدگی سے نقصان ہوا ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائےگا ۔