لاہور۔6مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ رواں سال صوبای دارالحکومت لاہور میں دس ،فیصل آباد میں آٹھ اور باقی اضلاع میں ایک ایک رمضان بازار لگایا گیا ہے جہاں سے عوام کو ڈی سی ریٹ پر اشیائے خوردو نوش کی فراہمی جارہی ہے،پنجاب حکومت نے رمضان نگہبان پیکیج پر 30 ارب روپے خر چ کئے ہیں اور ہر رجسٹرڈ خاندان کو 10 ہزار روپے آرڈر کی صورت میں دیئے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز محکمہ تعلقات عامہ پنجاب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ آج کے دن چھ مارچ کو پنجاب کابینہ نے حلف اٹھایا تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے پی کے نے میرے لیے ایک کتاب بھجوائی ہے،یہ کتاب علی امین گنڈا پور نے کتاب شاید پڑھی نہیں جس میں انہوں نے اپنے کارنامے بتائے ہیں اور اس کتاب میں انہوں نے لاہور اور اسلام باد کی فتوحات کا نہیں لکھا۔انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کا کرایہ 110 سے 510روپے کردیا گیا ہے،لاہور میں چلنے والی ایک بس کا کرایہ 20 روپے ہے جووزیراعلی پنجاب نے طے کیا ہے ،پنجا ب اور کے پی کے کی کارکردگی کا موازنہ پبلک ٹرانسپورٹ کرائے سے ہی ہوجاتا ہے،کے پی کے میں تعلیم کارڈ دوسال بعد شروع ہو گا مگر کتاب پر ابھی سے چھاپ دیا گیا ہے، تعلیم کے شعبے میں پنجاب میں 27ہزار بچوں کو سکالرز شپ دی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں موٹر وے وفاق کا منصوبہ ہے جبکہ کے پی حکومت نے اسے اپنے کھاتے میں ڈال لیاہے ۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور تو کبھی کبھار دفتر آتے ہیں،پنجاب میں بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ اگر موازنہ کیا جائے تو کے پی کے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں صرف 173نوکریاں پیدا ہوئیں،پنجاب ستھرا پروگرام میں ایک لاکھ سے زائد لوگ کام کر رہے ہیں،سی آر بی سی 1995 واپڈامنصوبے کو بھی گنڈا پور اپنے کھاتے میں ڈال رہے ہیں،کے پی کے میں امن و امان کی صورتحال آج بھی خراب ہے اور اس صوبہ میں عام آدمی اور نہ ہی سکیورٹی اہلکار محفوظ ہیں،کے پی کے میں پچھلے بارہ سال میں 25 ڈائیلاسز سنٹرز بنائے گئے،پچاس50 لاکھوں گھروں کا وعدہ کرکے ایک بھی گھرنہیں بنایا گیا،کے پی کے حکومت کی ایک سال کی کارکردگی کی کتاب دیکھ کر بے حد افسوس ہوتا ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی کارکردگی صرف پینسلیں و کمپیوٹر خریدنا اور جرگے کروانا ہے،دوسروں کو فارم 47کے طعنے دیتے تھے ان کے اپنے لوگ فارم 47کا اعتراف کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انہیں صرف اڈیالہ جیل میں بیٹھے قیدی کے کھانے اور سحری کی فکر لاحق ہے۔میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو انتظار تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئے گا تو عمران خان کو رہائی ملے گی۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پنجاب کی ترقی و خوشحالی مریم نواز شریف کے ویژن سے ہی وابستہ ہے ۔