رواں سال مون سون سیزن میں30 فیصد تک زیادہ بارشیں متوقع ہیں، ترجمان پی ڈی ایم اے

164

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مون سون سیزن میں30 فیصد تک زیادہ بارشیں متوقع ہیں، جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر بارش کے امکانات ہیں۔

جاری مراسلہ میں بتایا گیا کہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر بارشیں متوقع ہیں، اسی طرح جولائی کے تیسرے ہفتے میں بالائی پنجاب ،سائوتھ پنجاب میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے جبکہ جولائی کے چوتھے ہفتے میں 50 سے 70 ملی میٹر بارشوں کی پیشگوئی ہے، بالائی پنجاب وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ زوردار بارشیں متوقع ہیں۔ اس حوالے سے ڈی جی پی ایم اے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ اور جنوبی پنجاب میں ہل ٹورنٹس میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں کے دوران تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے،ندی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور قبل از وقت انتظامات سے قدرتی آفات کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے،عوام الناس سے درخواست ہے برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔