اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) سال 2019ءکی تیسری سہ ماہی کے دوران بینکوں کے منافع جات میں 48 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا ستمبر کے دوران بینکوں نے 45.5 ارب روپے کے زیادہ منافع جات کمائے ہیں۔ٹاپ لائن سیکورٹیز کے تجزیہ کار کریم پنجانی نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ بینکوں کے منافع جات میں اضافہ کے بنیادی اسباب میں نیٹ انٹر لیسٹ آمدن میں33 فیصد جبکہ نان انٹر لیسٹ آمدنی میں 17 فیصد کا اضافہ شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران بینک اسلامی کے منافع میں سب سے زیادہ 176فیصد ‘ حبیب بینک لمیٹڈ 175فیصد اور میزان بینک کے منافع میں 86 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2019ءمیں جنوری تا ستمبر کے لئے بینکوں کے مجموعی منافع جات میں 20 فیصد اضافہ ہوا اور اس دوران بینکوں نے 127.7 ارب روپے منافع جات کمائے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر کے دوران مسلم کمرشل بینک نے 5.7 ارب روپے جبکہ نیشنل بینک آف پاکستان نے 5.2 ارب روپے اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے 5 ارب روپے منافع کمایا ہے۔ اس عرصہ کے دوران بینکوں کے نیٹ انٹرلیسٹ آمدن میں 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔