اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):رواں سال کی تیسری قومی پولیو مہم کا دوسرا روز کامیاب سے جاری ہے ۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پولیو مہم کے پہلے روز ملک بھر میں 29 فیصد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل ہوئی۔پنجاب میں 30 اور سندھ میں 24 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں 31 اور بلوچستان میں 21 فیصد بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہوئی۔ اسلام آباد میں 24 فیصد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے۔گلگت بلتستان میں 32 اور آزاد کشمیر میں 33 فیصد بچوں کو ویکسین دی جا چکی ہے۔
پاکستان اور افغانستان میں پولیو مہم بیک وقت جاری ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے حکام نے کہا کہ قومی پولیو مہم یکم جون تک بلاتعطل جاری رہے گی ۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔پولیو وائرس آپ کے اردگرد کے ماحول میں مسلسل موجود ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی ویکسینیشن قومی ذمہ داری ہے۔والدین ہر مہم میں بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں ۔