رواں مالی سال میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 4.6 فیصد اضافہ ہوا، ادارہ برائے شماریات پاکستان

225

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):رواں مالی سال میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 4.6 فیصداضافہ ہوا۔ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں جولائی تا اکتوبر 2020 کے دوران تقریبا 11378 ہزار درجن تیار ملبوسات کی برآمد سے 947.419 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2019 کے دوران 20850 ہزار درجن ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات سے 905.243 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی قومی برآمدات میں 42.176 ملین ڈالر یعنی 4.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق نیٹ ویئرز کی برآمدات 12.30 فیصد اضافہ سے 1.053 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.183 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔ اسی طرح بیڈ ویئرز کی برآمدات بھی 9.95 فیصد تک بڑھی ہیں اور برآمدات کا حجم 899.558 ملین ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران بیڈ ویئرز کی برآمدات سے 818.129 ملین ڈالر زر مبادلہ کمایا گیا تھا۔ دوسری جانب ٹیکسٹائل میٹریئلز کی برآمدات بھی 54.30 فیصد کی نمایا شرح تک بڑھ گئیں۔ جولائی تا اکتوبر 2020 کے دوران ٹیکسٹائل میٹریئلز کی برآمدات کا حجم 195.662 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ جولائی تا اکتوبر 2019 کے دوران برآمدات کا حجم 126.810 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات 3.78 فیصد اضافہ سے 4.586 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 4.795 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔