رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران موبائل فون بینکنگ سے کی گئی ٹرانزیکشنز کی مالیت میں 211فیصد جبکہ تعداد میں 139فیصد اضافہ ہوا ہے

63
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران موبائل فون بینکنگ سے کی گئی ٹرانزیکشنز کی مالیت میں 211فیصد جبکہ تعداد میں 139فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سہہ ماہی پے منٹ سسٹم ریویو (کیو پی ایس آر) رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں موبائل فون بینکنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2020 کے دوران موبائل فون بینکنگ سے کی گئی ٹرانزیکشینز کی مالیت 211فیصد اضافہ سے 908.7ارب روپے تک بڑھ گئی جبکہ ٹرانزیکشنز کی تعداد بھی 139فیصد کے نمایاں اضافہ سے 36.4ملین تک پہنچ گئی۔ ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق انٹر نیٹ بینکنگ ٹرانز یکشنز کی تعداد بھی 55فیصد اور مالیت89فیصد تک بڑھ گئی ۔ جولائی تا ستمبر 2020کے دوران انٹر نیٹ بینکاری کی سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے صارفین نے 18.9ملین ٹرانزیکشنز کی ہیں جن کی مالیت 1.1کھرب روپے تک پہنچ گئی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بینکنگ صارفین کی سہولیات کیلئیے کئے گئے اقدامات کی وجہ سے ڈیجیٹل بینکاری کے شعبہ نے نمایاں ترقی کی ہے اور بینکاری کے صارفین یا سہولت اور کم خرچ خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔