رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران چائے کی درآمدات میں 8.51 ملین ڈالر کا اضافہ

76
ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی)رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران چائے کی درآمدات میں 8.51 ملین ڈالر کا اضافہ ہو گیا جبکہ مصالحہ جات کی درآمدات میں کمی آ گئی۔ جولائی سے ستمبر 2018-19ءکے دوران چائے کی درآمدات 148.325 ملین ڈالر رہی۔ پاکستان ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران چائے کی درآمدات 8.51 ملین ڈالر اضافہ کے ساتھ 148.325 ملین ڈالر رہیں جو گذشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 136.687 ملین ڈالر تھیں۔ مذکورہ بالا عرصہ کے دوران مصالحہ جات کی درآمدات میں 12.37 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی سے ستمبر 2018-19ءکے دوران 34 ہزار 164 میٹرک ٹن مصالحہ جات درآمد کئے گئے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 39 ہزار 466 میٹرک ٹن مصالحہ درآمد کئے گئے تھے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 40.698 ملین ڈالر مالیت کے مصالحہ جات درآمد کئے گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر 2018-19ءکے دوران خوردنی تیل اور پام آئل کی درآمدات میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔