
اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں آئی ٹی برآمدات میں 40 فی صد اضافہ قابل تحسین ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی وزارت آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اس سلسلے میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کا کردار قابل تعریف ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق وفاقی وزیر سید امین الحق کی ہدایت پر وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے۔ وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی پرفارمنس رپورٹ کے مطابق مالی سال 21۔2020ء کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر ) میں انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) بشمول ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز سے 958 ملین امریکی ڈالرز ترسیلات زر حاصل ہوئیں۔ مالی سال 20۔2019ء کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں مالی سال 21۔2020ء کے پہلے چھ مہینوں میں آئی ٹی برآمدات میں 40 فی صد اضافہ ہوا۔