اسلام آباد ۔ 25 جنوری (اے پی پی) رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ میں 420 ملین ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری کی گئی ہے جو گذشتہ دس سال کے دوران شعبہ میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے حجم میں کمی ہوئی تھی۔ گذشتہ دس سالوں کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ میں سب سے زیادہ ریکارڈ 420 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی چھ مہینوں کے دوران ٹیلی کام کا شعبہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے والا تیسرا بڑا شعبہ رہا ہے اور اس دوران ملک میں کی جانے والی مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کے 30 فیصد سے زیادہ ایف ڈی آئی ٹیلی کام کے شعبہ میں کی گئی ہے۔ ایس بی پی کے مطابق مالی سال 2011ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران شعبہ میں 100 ملین ڈالر کے قریب سرمایہ کاری کی گئی تھی جبکہ مالی سال 2012، 2013ء اور 2014ء کے اسی عرصہ میں سرمایہ کاری کا رجحان منفی رہا تھا تاہم مالی سال 2015ء اور 2016ء میں دوبارہ چھ ماہ کے دوران سرمایہ کاری بڑھی۔ مزید برآں مالی سال 2017ئ، 2018ء اور 2019ء کے ابتدائی چھ ماہ میں سرمایہ کاری کا رجحان منفی رہا تھا جس کے بعد رواں مالی سال میں گذشتہ دس سال کے مقابلہ میں ٹیلی کام کے شعبہ میں 420 ملین ڈالر کی ریکارڈ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=185270