رواں مالی سال کے دوران انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں متاثر کن اضافہ، سال کے 10 مہینوں میں یہ ایکسپورٹس 3.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، وزیر خزانہ

17
Budget2025-26
Budget2025-26

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):رواں مالی سال کے دوران انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کی برآمدات میں متاثر کن اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سال کے 10 ماہ میں یہ ایکسپورٹس 3.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گذشتہ سال کی نسبت 21.2 فیصد زیادہ ہیں۔ وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ اپنی برآمدات کی صلاحیت کی وجہ سے ملکی معیشت کا ایک انتہائی اہم حصہ بن چکا ہے، ڈیجیٹل گورننس اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کی خدمات کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے،

گلوبل سائبر سکیورٹی انڈیکس میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی رینکنگ ملک کے آئی ٹی شعبے کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی آئی سی ٹی برآمدات میں متاثر کن اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سال کے 10 ماہ میں یہ ایکسپورٹس 3.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گذشتہ سال کی نسبت 21.2 فیصد زیادہ ہیں، یہ نمایاں اضافہ حکومتی پالیسی کے نتیجے میں ہوا، اگلے مالی سال بھی اس شعبے میں ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا، اگلے 5 سال میں آئی سی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک بڑھانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔