اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):رواں مالی سال کے دوران چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں وفاقی حکومت کے مکمل یا کوفنڈڈ صوبائی روڈ انفراسٹرکچر کے 55 منصوبوں کیلئے مختص 53 ارب 86 کروڑ 35 لاکھ روپے کے بجٹ میں سے اب تک 14 ارب 94 کروڑ 73 لاکھ روپے استعمال کئے گئے ہیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26ء میں دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 16 منصوبوں کیلئے 7 ارب 5 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے جن میں سے 2 ارب 51 کروڑ 96 لاکھ روپے استعمال کئے گئے۔
سندھ میں 7 منصوبوں کیلئے 24 ارب 23 کروڑ روپے مختص کئے گئے جن میں سے 3 ارب 15 کروڑ روپے، بلوچستان میں 22 منصوبوں کیلئے 18 ارب 97 کروڑ 58 لاکھ روپے مختص کئے گئے جن میں سے 8 ارب 46 کروڑ 26 لاکھ روپے استعمال ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں تین منصوبوں کیلئے مختص 65 کروڑ 76 لاکھ میں سے 19 کروڑ 51 لاکھ روپے، گلگت بلتستان کے چار منصوبوں کیلئے مختص ایک ارب 80 کروڑ روپے میں سے 20 کروڑ جبکہ آزاد جموں و کشمیر کیلئے تین منصوبوں کیلئے مختص ایک ارب 15 کروڑ روپے میں سے 42 کروڑ روپے صرف کئے گئے۔