اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):رواں مالی سال کے دوران وزارت قومی صحت و خدمات کےلئے 924.9ارب روپے جاری کئے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران شعبہ کےلئے 843.2ار ب روپے مختص کئے گئے تھے ۔ پیرکو رواں مالی سال 25-2024کے جاری اقتصادی سروے کے مطابق مالی سال 2025میں صحت کے شعبہ کے لئے پی ایس ڈی پی میں 103.5ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔
وزارت قومی صحت و خدمات نے 2024 تا 2028 صحت کے لئے قومی پلان مرتب کیا تھا جس کا مقصد ملک میں صحت کی خدمات کے شعبے اور فریم ورک کے تحفظ کےلئے اقدامات تجویز کئے گئے۔مختلف بیماریو ں کا جائزہ لے کر ان کےلئے ترجیحات کا تعین کیا گیا، اس میں ہیلتھ انفراسٹرکچر کی بہتری، لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن اور ان کی صلاحیت میں اضافہ بھی شامل ہے۔
حکومت نے غذائی تحفظ کےلئے بھی اقدامات اٹھائے جس میں ملک کی نوجوان نسل کو اس سلسلے میں شعور اجاگرکرنے کےلئے ایک بنیادی ذریعہ قرار دیا گیا تاکہ وہ معاشرے میں صحت مند ماحول اورپالیسی سازی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تحت کام کرنے والے ہسپتالوں میں سالانہ کینسر کے 10 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج معالجہ کیا جاتا ہے جن میں 40 ہزار نئے مریض بھی شامل ہوتے ہیں ۔
اس وقت ان ہسپتالوں میں ملازمین کی تعداد 2600 ہے جن میں 250 ڈاکٹرز، 76میڈیکل فزیسٹس،47بائیو میڈیکل انجینئرز اور43ریڈیوفارما سسٹ اور سائنس دان شامل ہیں۔