اسلام آباد ۔09 مئی (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران ٹریکٹروں کی فروخت کی شرح میں 74.20 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے ( سی پیک) اور جنرل سیلز ٹیکس کی شرح کو 16 فیصد سے 5 فیصد تک کم کرنے سے ٹریکٹر کی مقامی صنعت کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال 2016-17ءکے پہلے نو ماہ کے دوران ٹریکٹرز کی فروخت کی شرح میں 74 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ ٹریکٹر ساز اداروں کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا مارچ 2016-17ءکے دوران 38 ہزار 620 ٹریکٹر فروخت کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 22 ہزار 169 ٹریکٹر فروخت کئے گئے تھے اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائے نو مہینوں کے دوران ٹریکٹروں کی فروخت میں 16 ہزار 451 یونٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے