اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) رواں مالی سال 2018-19ءکے دوران ٹیکسٹائل کی قومی برآمدات میں مجموعی طور پر 0.5 فیصد جبکہ نٹ ویئرز کی برآمدات میں 10 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2018ءکے دوران 4407 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات کا حجم 4389 ملین ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات میں صرف 18 ملین ڈالر یعنی 0.5 فیصد کے قریب اضافہ ہوا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران نٹ ویئرز کی برآمدات میں 10 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کا حجم ابتدائی چار ماہ کے دوران 872 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 963 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔ اسی طرح بیڈ ویئرز کی برآمدات 2 فیصد کے اضافہ سے 755 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 771 ملین ڈالر تک بڑھی ہیں جبکہ سوتی کپڑے کی برآمدات میں 2 ملین ڈالر کی کمی سے برآمدات کی مالیت 715 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 713 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔