اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران چاول کی ملکی برآمدات 2 ارب ڈالر سے بڑھنے کی توقع ہے۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (آر ای اے پی) کے سینئر وائس چیئرمین رفیق سلمان نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری 2017-18ءکے دوران 2.28 ملین ٹن چاول برآمد کئے گئے ہیں جس سے 1.06 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جاری مالی سال کے دوران چاول کی برآمدات 2 ارب ڈالر سے بڑھنے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی برآمدکنندگان چاول کی برآمدات میں اضافہ کیلئے نئی اور غیرروایتی درآمدی منڈیوں تک رسائی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور رواں سال کے دوران نئی منڈیوں تک رسائی سے برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔