رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران کاروں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 43فیصد کمی ہوئی ،رپورٹ

138
کاروں کی فروخت

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں کاروں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 43فیصد کمی ہوئی ۔ پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری حالیہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 2023-24 کے پہلے تین مہینوں کے دوران کاروں کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 43.92 فیصد کمی ہوئی ہے۔

سہ ماہی کے دوران 16,021 کاریں فروخت ہوئیں جو گزشتہ سال کے ا نہی مہینوں میں 28,571 یونٹس تھیں۔ جولائی تا ستمبر 2022-23 کے دوران 5,045 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں جولائی تا ستمبر 2023-24 کے دوران ہونڈا سوک اور سٹی کے 1,860 یونٹس فروخت ہوئے۔ٹویوٹا کرولا اور یارِس کی کاروں کی فروخت میں بھی 49.55 فیصد کمی واقع ہوئی کیونکہ یہ گزشتہ سال کے 6,415 یونٹس سے کم ہو کر 3,236 یونٹس رہیں۔سوزوکی سوئفٹ کی فروخت میں بھی 40.40 فیصد کمی واقع ہوئی کیونکہ اس کی فروخت گزشتہ سال 2,116 یونٹس سے کم ہو کر رواں سال1,261 یونٹس رہ گئی۔

سوزوکی کلٹس کی فروخت رواں سال کے پہلے تین مہینوں کے دوران کم ہو کر 814 یونٹس رہ گئی جبکہ گزشتہ سال اسی سہ ماہی کے دوران فروخت 1,823 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ سوزوکی ویگن آر کی فروخت بھی گزشتہ سال کے 1,413 یونٹس سے کم ہو کر 963 یونٹس رہ گئی۔سوزوکی آلٹو کی فروخت بھی رواں سال کے دوران 9,283 یونٹس سے 6,760 یونٹس پر 27.17 فیصد کی واضح کمی دیکھی گئی جبکہ سوزوکی بولان کی فروخت 541 یونٹس تک کم ہو گئی جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 1,189 یونٹس فروخت ہوئی تھی۔