اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ (جولائی تا اگست) میں کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 55 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ جمعرات کو جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 2019-20ءکے پہلے 2 ماہ جولائی تا اگست میں کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 1.3 ارب ڈالر رہا جبکہ گذشتہ سال اسی عرصہ کے دوران یہ خسارہ 2.85 ارب ڈالر تھا۔ کرنٹ اکاﺅنٹ بیلنس آفیشل ٹرانسفر کے بغیر اسی عرصہ میں 1.4 بلین ڈالر رہا جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 3.06 بلین ڈالر تھا جس میں 53 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں اشیاءکا تجارتی توازن 40.4 فیصد کمی کے ساتھ 3.56 بلین ڈالر رہا جو گذشتہ مالی سال اسی عرصہ میں 5.98 بلین ڈالر تھا تاہم خدمات میں تجارتی توازن میں 29.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔