اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی) رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں جولائی تا مارچ کے دوران جاری کھاتوں کے خسارہ میں 29 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ کے دوران جاری کھاتوں کا خسارہ 9.588 ارب ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران حسابات جاریہ کا خسارہ 13.589 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طر ح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران جاری کھاتوں کے قومی خسارہ میں4 ارب ڈالر یعنی 29 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب میں جاری کھاتوں کے خسارے میں بھی کمی ہونے سے اس کی شرح 4.4 فیصد تک کم ہو گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران جی ڈی پی کے تناسب سے جار ی کھاتوں کا خسارہ 5.7 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔ رواں مالی سال کے لئے جی ڈی پی کے تناسب سے حسابات جاریہ کے خسارہ کا ہدف 4.4 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ اقتصادی ماہرین نے کہا کہ خدمات اور برآمدات کے شعبہ کی کارکردگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ درآمدات میں کمی اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں 9 فیصد کا اضافہ جاری کھاتوں کے خسارہ کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے۔