اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران ملک سے غذائی اشیاءکی برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کی برآمدات کے مقابلے میں 20.87 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔جولائی تا جنوری 22-2021کے دوران 2.952 بلین ڈالر مالیت کی مختلف غذائی اجناس برآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 2.444 بلین ڈالر کی برآمدات تھیں۔
پاکستان بیورو آف شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے جنوری 2022 میں فوڈ گروپ کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 14.31 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ گزشتہ 7 ماہ کے دوران تمام اہم غذائی اشیاء کی برآمدات میں مثبت اضافہ ریکارڈ کیا گیا کیونکہ چاول کی برآمدات میں بالترتیب 11.16 فیصد، مچھلی 5.08 فیصد، پھلوں کی 11.60 فیصد، سبزیوں کی 11.36 فیصد ،مصالحہ جات میں 22.94 فیصد، گوشت میں 1.68 فیصد اضافہ ہوا۔ دریں اثنا، ملک میں غذائی اشیاء کی درآمدات میں بھی جولائی-
جنوری 2021-22 کے دوران تقریباً 21.32 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا کیونکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 4.639 بلین ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں 5.629 بلین ڈالر کی غذائی اجناس درآمد کی گئی تھیں۔سال کی بنیاد پر ملک میں غذائی اشیاء کی درآمدات میں جنوری 2022 میں جنوری 2021 کی درآمدات کے مقابلے میں تقریباً 13.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جنوری، 2022 کے دوران، 830.844 ملین ڈالر کی مختلف غذائی اجناس درآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ کی 734.953 ملین ڈالر کی درآمدات تھیں۔ گزشتہ 7 ماہ میں سویابین آئل کی درآمدات میں 34.70 فیصد، پام آئل کی 55.75 فیصد، چینی کی 49.84 فیصد، دالوں کی 14.94 فیصد، چائے کی درآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5.48 فیصد کا اضافہ ہوا۔