رواں مالی سال کے 9 ماہ کے دوران افغانستان کے لئے برآمدات میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے ، مشیر تجارت

73

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے رواں مالی سال کے 9 ماہ کے دوران افغانستان کے لئے برآمدات میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال جولائی 2020 سے اپریل 2021 کے دوارن افغانستان کے لئے برآمدات 15 فیصد اضافہ کے ساتھ 869ملین ڈالر رہی ہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 754 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں ۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ عرصہ کے دوران پھلوں،سبزیوں،گوشت،دودھ کی مصنوعات،کیمیکل،الیکٹریکل مصنوعات،مشینری،پیپر اینڈ پیپر بورڈ کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ شفاف انداز میں برآمدات کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں ۔انہوں نے برآمد کنندگان سے کہا کہ وہ افغانستان کے ساتھ برآمدات کو بڑھانے کے بھرپور انداز میں کام کریں اس حوالے سے افغانستان میں وزارت کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلرز تعاون کریں گے۔