رواں مالی سال 10 ماہ کے دوران آئی سی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبہ کی برآمدات میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے ، عبد الرزاق داؤد

78

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 10 ماہ کے دوران آئی سی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبہ کی برآمدات میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ جولائی 2020 سے اپریل 2012 کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے شعبہ کی برآمدات 46 فیصد اضافے کے ساتھ 1.70 بلین ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 1.17 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپریل 2021 کے دوران مذکورہ شعبوں کی برآمدات 66 فیصد اضافے کے ساتھ 196 ملین ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 118 ملین ڈالر تھیں، انہوں نے بتایا کے پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ آئی سی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبہ کی برآمدات 2 ارب ڈالر کے قریب ہوں گی ۔انہوں نے ٹیلی کام شعبہ کے برآمد کنندگان کو یقین دلایا کے وزارت تجارت ان سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔