رواں مالی سال 2021-22ء کے دوران ملک میں 10 بلین ٹری پروگرام کے تحت 57 کروڑ 90 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے، اقتصادی سروے

70

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):رواں مالی سال 2021-22ء کے دوران ملک میں 10 بلین ٹری پروگرام کے تحت 57 کروڑ 90 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے، پروگرام کے تحت 3 لاکھ 27 ہزار سے زائد لوگوں کو روزگار ملا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اقتصادی جائزہ برائے سال 2021-22ء کے مطابق ملک کے 4.786 ملین ہیکٹر ( 5.45 فیصد) رقبے پر جنگلات ہیں۔ جولائی تا مارچ مالی سال 2022ء کے دوران ٹن بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت 579.09 ملین پودے لگائے گے جبکہ مارچ 2022ء تک مجموعی طور پر 1586.18 ملین پودے لگائے گئے اور اس پروگرام کے تحت 327,877 لوگوں کو مارچ 2022ء تک روزگار ملا۔

جائزہ رپورٹ کے مطابق ملک میں شہد کی مکھیوں کو پالنے کو فروغ دینے کے لیے مختلف وزارتوں کے تعاون سے بلین ٹری ہنی پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں موسمیاتی تبدیلی کی وزارت نے قومی ماحولیاتی تبدیلی کی پالیسی کو مزید بہتر کیا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے لیے تیار کرنا اور کاربن کی مقدار کو کم کرنا ہے۔

سروے کے مطابق این ڈی سی کے عزم کے تحت پاکستان کی متوقع گرین ہائوس گیسوں کے اخراج کو 2023ء تک 50 فیصد کم کیا جائے گا۔ اس ارادے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے 2030ء تک 60 فیصد بجلی کی پیداوار کو قابل تجدید توانائی پر لانا ہے اور 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنا اور درآمدی کوئلے کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنا ہے۔