راولپنڈی۔31اکتوبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے رواں ہفتے ددوچھہ ڈیم کی تعمیر شروع کر دی جائے گی جس کی تکمیل تین سال کے عرصہ میں ہوگی۔
گزشتہ روز ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ راولپنڈی میں پانی کا مسئلہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے جس وجہ سے ٹینکر مافیا اپنے فائدے کے لئے شہریوں کوچار گنا زیادہ پیسے وصول کر کے انہیں پریشان کرتا ہے اور اس وقت شہر بھر میں یومیہ65ملین گلین کمی کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ددوچھ ڈیم کی تعمیر کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں کافی عرصہ سے زیر التواء تھا جوکہ کلیئر ہو چکا ہے اور اب ڈیم کی اراضی کے متاثرین و زمینداروں کو 2023کی قیمتوں کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے گااور رواں ہفتے عملی طور پر ڈیم کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ منصوبہ کی تعمیرکا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو دیا گیا ہے اور یہ پروجیکٹ تیزی سے مکمل ہوگا۔