روایتی جنگی صلاحیتوں کی اپ گریڈیشن ایک جاری عمل ہے، جدید ترین چینی ساختہ وی ٹی۔ فور ٹینک کی شمولیت سے فارمیشنز کی استعداد میں اضافہ ہوگا،قمر جاوید باجوہ

51
پاک فوج کے سربراہ جنرل کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ ، مقامی طور پر دفاعی آلات کی تیاری کی کوششوں اور اقدامات کا جائزہ لیا

راولپنڈی ۔12اکتوبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ روایتی جنگی صلاحیتوں کی اپ گریڈیشن ایک جاری عمل ہے، جدید ترین چینی ساختہ وی ٹی۔ فور ٹینک کی شمولیت سے فارمیشنز کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور جدید ترین چینی ٹینک وی ٹی فور کو اسٹرائیک فارمیشن میں شامل کیے جانے کی تقریب میں شرکت کی۔

آرمی چیف نے بہترین جنگی مشین وی ٹی فور ٹینک کی کارکردگی کا مظاہرہ دیکھا۔ ایڈوانس آرمر پروٹیکشن، مثالی فائر پاور کے حامل وی ٹی فور ٹینک کا موازنہ دنیا کے کسی بھی بہترین ٹینک سے کیا جا سکتا ہے ، وی ٹی فور ٹینک گہرے پانی میں آپریٹ کرنے کی صلاحیت کا بھی حامل ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ روایتی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اپ گریڈیشن کے عمل کا بہت بڑا ہاتھ ہے، جارحیت کے بھرپورجواب کےلیے اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وی ٹی فور ٹینک پاکستان اورچین کے اسٹریٹجک تعاون کا ایک اورثبوت ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج میں ان ٹینکوں کی شمولیت سے فارمیشنز کی استعداد بڑھے گی، جنگ کی تیزی سے بدلتی ہوئی حرکیات اعلی درجے کی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کیساتھ بھرپور تربیت کا تقاضا کرتی ہیں۔