روز اینڈ جیسمین گارڈن اسلام آباد میں منعقدہ پھولوں کی نمائش اختتام پذیر ہو گئی

245

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے نیشنل ہارٹیکلچر سوسائٹی کے زیر اہتمام چا ر روزہ پھولوں کی نمائش روز اینڈ جیسمین گارڈن اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔

نیشنل ہارٹیکلچر سوسائٹی کی چیئر پرسن عاصمہ بٹ نے دیگر مہمانوں اور سی ڈی اے کے افسران کے ہمراہ یکم دسمبرکو نمائش کا اہتمام کیا ۔ ہفتہ اور اتوار کو شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نمائش دیکھی اور خزاں رت کے جمالیاتی حسن سے محظوظ ہوئے۔ سالانہ نمائش میں مختلف اداروں کے باغبانی کے شعبوں نے بھی خزاں رت کے باغیچے سجائے اور شائقین خاص طور پر بچوں اور خواتین کو اپنی طرف مبذول کرایا ۔

باغبانی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے باغبانوں اور نرسریوں نے بھی خصوصی سٹال لگا کر شہریوں کو مفید معلومات فراہم کیں۔ نمائش میں متعدد اقسام کے پھول نمائش کے لئے رکھے گئے تھے جن میں انٹرمیڈیٹس، انویج، ریفلکس، اسپرے، اینیمونز، پومونز، کورین ہائبرڈ، سنگل فلور اور دیگر پھول بھی شامل ہیں۔ موسمی پھولوں، جڑی بوٹیوں اور آرائشی پودوں کی خوبصورت نمائش کے علاوہ ناظرین کے لئے نرسریوں، بیجوں، باغبانی کے اوزار، لان فرنیچر اور لوازمات کے متعدد تجارتی سامان بھی رکھے گئے تھے۔

موسم خزاں کے کثیر رنگوں کی نمائش نے پھولوں کی کاشت، گھریلو باغبانی، لینڈ سکیپنگ اور شجرکاری کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ نیشنل ہارٹیکلچر سوسائٹی نے پھولوں کی ایک بہت کامیاب نمائش کا اہتمام کیا جو وفاقی دارالحکومت کی ایک مستقل سرگرمی ہے جس کا بہار اور خزاں کے آغاز پر انعقاد کیا جاتا ہے