ماسکو۔18مارچ (اے پی پی):روسی صدر ولادی میر پیوٹن اوران کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت آج (منگل کو) ہوگی۔تاس کے مطابق روسی حکومت کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہاکہ دونوں صدور کے درمیان مذاکرات کی تیاری جاری ہے۔
دونوں صدور کی بات چیت کے لئے یوکرین میں جنگ بندی سمیت تمام اہم مسائل پر ٹاکنگ پوائنٹس تیار کئے گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قبل ازیں صحافیوں کو بتایا کہ وہ یوکرین جنگ کے تناظر میں علاقائی اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان اس سے قبل ٹیلی فون پر بات چیت 12 فروری کو ہوئی تھی، جو تین سال میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان پہلی باضابطہ بات چیت تھی۔ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی بات چیت میں انہوں نے یوکرین کے مسئلے کے ساتھ ساتھ دونوں ریاستوں کے درمیان تعلقات میں موجود مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیاتھا ۔ اس کے بعد روسی اور امریکی صدور نے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جس میں بالمشافہ ملاقاتوں کا انتظام بھی شامل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573719