روسی ایئر فیلڈ پر یوکرین کے ڈرون حملے میں 3 افرادہلاک

153

ماسکو۔26دسمبر (اے پی پی):روسی ایئر فیلڈ پر یوکرین کے ڈرون حملے کے نتیجہ میں ایئر فیلڈ پر تعینات عملہ کے 3 ارکان ہلاک ہو گئے۔

روسی وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سرحد سے 900 کلومیٹر دور ساراتوف ریجن میں واقع اینجلز ایئرفیلڈ پر نصب ایئر ڈیفنس سسٹم نے پیر کی صبح حملہ آور ڈرون کو مار گرایا تاہم ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایئرفیلڈ کے ٹیکنیکل سٹاف کے 3 ارکان ہلاک ہو گئے۔

بیان کے مطابق سابق سوویت یونین ساختہ جیٹ ڈرون کے حملے میں ایئرفیلڈ پر کھڑے دو طیارے کو معمولی نقصان پہنچا۔ اس سے قبل 5 دسمبر کو بھی یوکرین کی طرف سے اس ایئرفیلڈ اورریازان ریجن میں واقع دیاجیلیوو ایئرفیلڈ کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔

دونوں ایئرفیلڈز پر روس کے طویل فاصلے تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے بمبار طیارے تعینات ہیں جو یوکرین میں فوجی اور بجلی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں۔