روسی صدر کا سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ ،امریکا کے ساتھ مذاکرات کی میزبانی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا

146
Russian President
Russian President

ماسکو۔21فروری (اے پی پی):روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی میزبانی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ العربیہ اردو کے مطابق روسی صدر نے کہا کہ سعودی قیادت نے بات چیت کے لیے اچھا ماحول فراہم کیا۔ فون کال کے دوران ولادیمیر پیوٹن اور شہزادہ محمد بن سلمان نے تیل کی منڈیوں کے استحکام اور اوپیک پلس کے اندر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے مطابق متعلقہ تناظر میں روس نے کہا ہے کہ روسی- امریکی مذاکرات سابق امریکی انتظامیہ کی طرف سے پیدا کردہ عالمی مسائل کے حل کی شروعات ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان کی رہنمائی میں سعودی عرب نے دنیا میں سلامتی اور امن کو بڑھانے کی سعودی کوششوں کے حصے کے طور پر ریاض میں روس اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی۔