ماسکو۔21مارچ (اے پی پی):روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے شام کے نئے سربراہ احمد الشراع کو روس کے تعاون اور حمایت کی پیشکش کی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق روسی صدر نے گزشتہ روز شام کے عبوری صدر احمد الشراع کوبھیجے گئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ روس شام کی علاقائی سالمیت و استحکام کے لئے عملی تعاون کرنے کی پیشکش کرتا ہے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ شام کے لئے تعاون کی نوعیت جامع اور مجموعی نوعیت کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ روسی صدر نے احمد الشراع سے کہا کہ انہوں نے کوششوں کی حمایت کی ہے جو شام میں صورتحال کو مستحکم کرنے کے لئے کی جا رہی ہیں اور ملکی مفاد میں ہیں نیز شام کی خودمختاری اور اتحاد کے علاوہ علاقائی یکجہتی کے لئے اہم ہے۔
اس موقع پر روسی صدر نے اس امر کی بھی تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک شام کے ساتھ تعلقات میں اضافے اور عملی تعاون کے لئے تیار ہے اور یہ تعاون تمام امور پر پھیلا ہوا ہوگا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ مل سکے۔