بیجنگ ۔31اگست (اے پی پی):روسی صدر ولادیمیر پوتن اپنے چار روزہ سرکاری دورہ چین کے پہلے مرحلے میں آج تیانجن پہنچ گئے۔ تاس کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر ہونے والے اس دورے میں پوتن تیانجن اور بیجنگ کا دورہ کریں گے۔تیانجن بنہائی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صدر پوتن کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ان کا استقبال چینی کمیونسٹ پارٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور تیانجن کے پارٹی سیکریٹری چن مینئر، چین میں روسی سفیر ایگور مورگولوف اور دیگر اعلیٰ روسی سفارتی عملے نے کیا۔ایئرپورٹ پر صدر پوتن نے موجودہ شخصیات سے مصافحہ کیا اور بعد ازاں اپنی قیام گاہ کی جانب روانہ ہو گئے۔
دورے کے پہلے دن کی شام، تیانجن کے میجیانگ کنوینشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کا سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔ افتتاحی تقریب اور رہنماؤں کی مشترکہ تصویر کشی کے بعد ایک استقبالیہ اور موسیقی کی محفل بھی منعقد کی جائے گی۔یہ دورہ روس اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کے تناظر میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔