ماسکو ۔14اپریل (اے پی پی):روس نے کہا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین کے زیر انتظام امریکی ایف ۔ 16 لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے،مغربی ممالک کی طرف سے یوکرین کو فورتھ جنریشن لڑاکا طیارے فراہم کرنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ روسی فوج نے ایف ۔16 کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے ایک معمول کی بریفنگ کے دوران بتایا کہ یوکرینی فضائیہ کے ایک ایف ۔ 16 طیارے کو فضائیہ کے ذریعے مار گرایا گیا۔قبل ازیں ہفتے کو یوکرین کی فضائیہ نے اپنے ایک ایف۔ 16 لڑاکا طیارے کے نقصان کی اطلاع دی اور کہا تھا کہ طیارے کے تباہ ہونے کی وجہ جاننے کے لئے ایک کمیشن قائم کیا گیاہے۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے تصدیق کی تھی کہ ان کا پائلٹ پاول ایوانوف ایف۔ 16 کے ایک جنگی مشن کے دوران مارا گیا ہے۔
انہوں نے اس کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کا وعدہ کیا تھا جس سے اس بات کا عندیہ ملتا ہے کہ ایف ۔16جیٹ طیارے کی تباہی کے پیچھے روس کا ہی ہاتھ تھا۔یوکرین کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا تھا کہ یوکرینی فضائیہ کے ایف ۔16 طیارے کو روسی فوج نے مار گرایا ہے۔ مجموعی طور پر روسیوں نے طیارے پر تین میزائل داغے، یہ یا تو S-400 زمینی نظام سے گائیڈڈ اینٹی ایئر کرافٹ میزائل تھے یا پھر آر 37 تھے جو ہوا سے فضا میں مار کرنے والا میزائل ہے۔
یوکرینی زریعے ذریعے نے ایف۔ 16 کے نقصان میں فرینڈلی فائر کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فضائی دفاع اس علاقے میں فعال نہیں ۔اس سے قبل یوکرین کی فضایہ کا ایک اور ایف ۔16 لڑاکا طیارہ گزشتہ سال اگست میں تباہ ہو گیا تھا ، میڈیا رپورٹس میں اس بات کا عندیہ دیا گیا تھا کہ یہ طیارہ ممکنہ طور پر یوکرین کے اپنے اینٹی ایئر کرافٹ ڈیفنس نے غلطی سے مار گرایا تھا ۔
مغربی ممالک نے 2024 میں یوکرین کو 18 امریکی ساختہ ایف ۔16 طیارے فراہم کئے تھے۔ یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کے ڈیزائن کردہ ایف ۔16 طیارے روس کے ساتھ جنگ میں گیم چینجر بن جائیں گے لیکن پہلے طیارے کے نقصان کے بعد سے لڑائی میں ان کا استعمال محدود ہو گیا ، یوکرین نے ان طیاروں کو کو بنیادی طور پر فضائی دفاعی مقاصد کے لیے رابطہ لائن سے دور تعینات کیا ہے۔