روسی نائب وزیر اعظم کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات کی بنیاد بنے گا، تاجر رہنما افتخار علی ملک

143

لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ روس کے نائب وزیر اعظم کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کی بنیاد بنے گا ،اس سے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

بدھ کو جاری ایک بیان میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی اور علاقائی استحکام کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے ان کوششوں کو مزید فروغ ملے گا جو دونوں ممالک اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دورے سے تجارتی حجم میں اضافے اور اس کو متنوع بنانے کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روسی مصنوعات کے لیےابھرتی ہوئی مارکیٹ اور روس کے وسیع وسائل اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون دوطرفہ تعلقات کا ایک اور اہم پہلو ہے،پاکستان اپنی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے روس کے وسائل، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر کنیکٹوٹی سے تجارتی راہداریوں و عوامی وفود کے تبادلے کو فروغ اور اقتصادی ترقی و تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔