یالٹا۔27مارچ (اے پی پی):روسی وزارت خارجہ کے زیر اہتمام مستقبل کے ورلڈ آرڈر کے موضوع پر اہم کانفرنس بحیرہ اسود کے کنارے آباد روسی شہر یالٹا میں ہوگی۔ کانفرنس میں روس کے سرکاری حکام، تاریخ دان، اور سرکردہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ماہرین اور عوامی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ یہ تقریب اقوام متحدہ کے قیام کی سالگرہ اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور عمومی طور پر بین الاقوامی قانون کے لئے روس کے عزم کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔
کانفرنس کے شرکاء اہم عالمی طاقتوں کے درمیان طاقت، مکالمے اور تعاون کے بدلتے ہوئے توازن کے وقت اہم جغرافیائی سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے مستقبل کے عالمی نظام، کثیر قطبی دنیا کی تشکیل اور ان میں روس کے کردار پر تبادلہ خیال کریں گے۔روسی وزارت خارجہ کے بین الاقوامی تنظیموں کے شعبہ کے ڈائریکٹر کرل لوگوینوف کے مطابق یہ کانگریس اقوام متحدہ کی سالگرہ کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات کے سلسلے کا پہلا ایونٹ ہو گی جس میں ہم دوسری جنگ عظیم کے بعد کے عالمی نظام کی بنیادوں سے لے کر مستقبل کی کثیر قطبی دنیا تک، عالمی سیاست کے تاریخی اور عصری دونوں پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے اہم مقاصد میں سے ایک اقوام متحدہ کے چارٹر کی کلیدی دفعات میں شامل بین الاقوامی قانونی نظام سے وابستگی کا اعادہ کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576698