12.1 C
Islamabad
جمعرات, فروری 27, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںروسی وفد امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات کے لئے استنبول پہنچ گیا

روسی وفد امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات کے لئے استنبول پہنچ گیا

- Advertisement -

استنبول۔27فروری (اے پی پی):روسی وفد یوکرین میں جنگ بندی پر امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات کے لئے ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ گیا۔ رواں ماہ کے دوران یہ اس معاملے پر امریکی اور روسی سفارتکاروں کی دوسری ملاقات ہے۔ رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے گزشتہ روز استنبول میں بند کمرے کے اجلاس کی تصدیق کی تھی تاہم انہوں نےروس کی مذاکراتی ٹیم بارے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

انہوں کہا تھا کہ ہمارے سفارت کار اعلیٰ سطح کے ماہرین اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کریں گے اور ان مسائل کا جائزہ لیں گے جو روسی سفارت خانے کی سرگرمیوں میں مصنوعی رکاوٹیں پیدا کرنے کے لئے سابق امریکی انتظامیہ کی سرگرمیوں کے نتیجے میں پیدا ہوئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ استنبول میں بات چیت سے یہ ظاہر ہوگا کہ فریقین کتنی تیزی اور مؤثر طریقے سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔استنبول مذاکرات سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اعلیٰ روسی اور امریکی سفارت کاروں کے اجلاس کے بعد ہوئے ہیں، جو تین سال قبل یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلی اعلیٰ سطح کی بات چیت ہے۔

- Advertisement -

ملاقات کا بنیادی مقصد اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو معمول پر لانا اور یوکرین تنازع کو حل کرنے کی راہ ہموار کرنا تھا۔ فریقین نے اصولی طور پر سفارت خانے کے عملے کو بحال کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے کمی کر دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ترکیہ نے یوکرین جنگ پر فریقین کے درمیان مذاکرات میں ایک غیر جانبدار مقام کے طور پر ایک اہم کردار ادا کیا ہے جس میں 2022 میں روس اور یوکرین کے درمیان براہ راست مذاکرات بھی شامل ہیں ۔ روسی حکام کے مطابق اس وقت امن عمل میں پیش رفت ہو رہی تھی لیکن اس وقت کے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے یوکرین کو لڑائی جاری رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے اسے پٹڑی سے اتار دیا تھا ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567069

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں