روسی ٹاپ سیڈڈ ڈینیئل میدویدوف یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد باہر

82
Tennis Championship
Tennis Championship

نیویارک۔5ستمبر (اے پی پی):روسی ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپئن ڈینیئل میدویدوف یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ 26 سالہ دفاعی چیمپئن ڈینیئل میدویدوف کو 27سالہ آسٹریلوی ٹینس سٹار نک کرگیوس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا۔ سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک کے آرتھر ایشے سٹیڈیم میں جاری ہیں۔

مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریلیا کے نامور ٹینس سٹار نک کرگیوس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن روس کے ڈینیئل میدویدوف کو چار سیٹس میں شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان میچ 2 گھنٹے اور 53 منٹس تک جاری رہا۔ نک کرگیوس کی فتح کا سکور 6-7(11-13)،6-3،3-6 اور 2-6 رہا۔ نک کرگیوس کا کوارٹر فائنل میچ میں روسی کھلاڑی کیرن خچانوف سے مقابلہ ہوگا ۔