ماسکو۔17اکتوبر (اے پی پی):روسی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ڈوما نے جوہری تجربات پر جامع پابندی کے معاہدے سی ٹی بی ٹی کی توثیق کو منسوخ کردیا۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سلسلہ میں مسودہ 13 اکتوبر کو ڈوما میں جمع کرایا گیا تھا۔
مسودہ پر رائے شماری میں ڈوما کے 450 میں سے 412 ارکان نے حمایت کی جبکہ اس کے خلاف کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔اس مسودہ قانون کو ایوان زیریں کے تقریباً تمام اراکین نے مشترکہ طور پر تحریر کیا تھا۔ اس بل نے جامع نیوکلیئر ٹیسٹ پر پابندی کے معاہدے کی توثیق سے متعلق قانون کے آرٹیکل 1 کو منسوخ کردیا ہے ۔ روس نے جوہری تجربات پر جامع پابندی کے معاہدے سی ٹی بی ٹی پر 24 ستمبر 1996 کو نیو یارک میں دستخط کیے تھے ۔
قبل ازیں روس نے کہا تھا کہ وہ اس معاہدے کی توثیق کی منسوخی کےباوجود جوہری تجربات میں پہل نہیں کرے گا تاہم اس کا اندازہ ہے کہ امریکا جس نے سی ٹی بی ٹی پر ابھی تک دستخط نہیں کئے جوہری تجربات کی بھرپور تیاری کئےہوئے ہے۔
روسی بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ امریکاجس نے خود اس معاہدے پر دستخط نہیں کئے ، اس معاہدے کی توثیق اور مکمل پاسداری کرنے والے ممالک کو یہ ہدایات دے رہا ہے کہ وہ اس پر عملدرآمد کیسے کریں۔ روس نے واضح کیا تھاکہ اگرچہ وہ جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے میں پہل نہیں کرے گا تاہم امریکا کی طرف سے جوہری تجربہ کرنے کی صورت میں وہ بھی ایسا ہی کرے گا۔