روس اور پاکستان کے درمیان حائل تمام تجارتی رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا ، وفاقی وزیرجام کمال خان

97
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ روس اور پاکستان کے درمیان حائل ہونے والی تمام تجارتی رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا ، تجارتی لین دین کو سپورٹ کرنے کے لئے مزید مضبوط مالیاتی فریم ورک بھی بنایا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں روس میں متعین پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی اور کاروباری تعلقات کے فروغ اور ان کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلیٰ سطحی ملاقات میں اقتصادی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے، دوطرفہ تجارت کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں موجودہ چیلنجز سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ملاقات کے دوران سفیر محمد خالد جمالی نے روس کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔روس ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جس میں پاکستانی برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

سفیر نے کہا کہ روس کو ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات اور دیگر اشیا کی زیادہ سے زیادہ برآمدات کی جائیں کیونکہ وہاں پاکستانی اشیاء کی طلب بہت زیادہ ہے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ روس کو پاکستان ایک اہم تجارتی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت کام کر رہی ہے ۔