روس اور یوکرین کے درمیان اناج کی ترسیل سے متعلق حتمی معاہدہ آئندہ ہفتے ہو سکتا ہے، انتونیو گوترش

53

استنبول۔14جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ اور ترکی نے کہاہے کہ روسی اور یوکرینی مذاکرات کاروں کے درمیان یوکرینی اناج کی ترسیل کی بندش سے متعلق تنازع کے حل میں کافی پیش رفت ہوئی ہے اور اس سلسلے میں حتمی معاہدہ آئندہ ہفتے ہو سکتا ہے۔

جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے یوکرینی اناج کی بین الاقوامی منڈیوں میں نقل و حمل سے متعلق گزشتہ روز ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے مذاکرات کے بعد اس حوالے سے ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ روسی اور یوکرینی مذاکرات کاربحیرہ اسود کے ذریعے اناج کی ترسیل کے لیے آئندہ ہفتے معاہدہ طے پا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین میں جنگ کے باعث بلاک شدہ لاکھوں ٹن اناج کو عالمی منڈیوں میں بھیجنے اور روس کے بھی اناج اور کھاد بھیجنے کے لیے اقوام متحدہ کے منصوبے پر وسیع معاہدہ ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ان تمام معاملات پر کافی پیش رفت ہوئی ہے۔

یوکرینی اناج کی ترسیل سے متعلق تنازع کے حل کے لیےترک وزارت دفاع کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات میں یوکرین، روس ، ترکی اور اقوام متحدہ کے وفود نے شرکت کی۔ ترک وزیر دفاع نے ہولوسی آکار نے کہا کہ فریقین نے بندرگاہوں پر "مشترکہ کنٹرول” اور بحیرہ اسود میں منتقلی راستوں کی حفاظت کو یقینی بنانےکے طریقوں پر اتفاق کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حتمی معاہدے کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جا سکتا ہے۔