روس شام کے صدر کی حمایت جاری رکھے گا، کریملن

128
Kremlin spokesman Dmitry Peskov
Kremlin spokesman Dmitry Peskov

ماسکو ۔3دسمبر (اے پی پی):روس شام کے صدر بشار الاسد کی حمایت جاری رکھے گا۔ٹی آر ٹی کے مطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ ہم بشار الاسد کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں، ہم اپنے رابطوں کو برقرار اور صورتحال کا تجزیہ کررہے ہیں جبکہ شام میں صورتحال کو مستحکم کرنے کے لئے ضروری موقف بھی اختیار کیا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جرمن چانسلر اولاف شولز اور یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کو کوئی پیغام نہیں پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ یوکرین جنگ میں صورتحال واضح ہے کسی بھی صورت میں ہم اپنے مفادات کا تحفظ کرنے کا پورا ارادہ رکھتے ہیں۔

جارجیا میں مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے دمتری پیسکوف نے دلیل دی کہ وہ جارجیا کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے جارجیا کی صورت حال کا موازنہ یوکرین کے واقعات سے کرتے ہوئے کہا کہ یہاں صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم نے کچھ ممالک میں بھی ایسا ہی دیکھا ہے یہ یوکرین کے واقعات سے ملتا جلتا ہے۔ یہ تمام اس بات کے اشارے ہیں کہ جارجیا میں بھی اورنج انقلاب لانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ جارجیا کی قیادت صورتحال کو مستحکم اور پرسکون بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔