روس کا اپنی سرزمین میں داخل ہونے والے 3400 یوکرینی فوجیوں کو ہلاک، 400 فوجی ہارڈویئر تباہ کرنے کا دعویٰ

144
Russian Ministry of Defense
Russian Ministry of Defense

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روسی افواج نے اپنی سرزمین میں داخل ہونے والے یوکرین کے 3,400 سے زیادہ فوجیوں کو ہلاک اور 400 کے قریب فوجی ہارڈویئر کو تباہ کر دیا ہے۔ رشیاٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق روسی کے سرحدی علاقے کرسک میں یوکرینی فوج کا یہ غیر معمولی حملہ 6 اگست کو شروع ہوا تھا اور یہفروری 2022 میں شروع ہونے والی یوکرین جنگ کے بعد روسی سرزمین پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا حملہ ہے ۔

روس نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرینی فوجی روسی علاقے میں مغربی ممالک سے فراہم کردہ ہتھیار استعمال کر رہے ہیں ۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے مطابق روس کے کرسک ریجن کو مغربی ساختہ راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غالباً اس حملے میں یوکرین کو امریکا کی طرف سے فراہم کردہ ملٹی پل راکٹ لانچر سسٹم (ہیمرس) کا استعمال کیا گیا ۔دریں اثنا روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین نے روسی علاقے کرسک میں فوجی کارروائی امریکی ہدایت پر کی ہے۔

دریں اثنا یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے مغربی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اسے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار فراہم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک اس حوالے سے روس کی نام نہاد ریڈ لائنز سے خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ یوکرینی فوج نے روسی علاقے پر قبضہ کرکے روس کی سب سے بڑی ریڈ لائن کو پار کر لیا ہے لیکن روس اس پر ابھی تک کچھ نہیں کر سکا ۔