ماسکو۔2ستمبر (اے پی پی):روس نے اپنے زیر کنٹرول علاقے لوگانسک میں اگست کے دوران 42,000 یوکرینی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاس کے مطابق روسی فوجی ماہر آندرے ماروچکو نے بتایا کہ روسی افواج نے اگست میں عوامی جمہوریہ لوگانسک میں 42,000 یوکرائنی فوجیوں اور غیر ملکی کرائے کے فوجیوں کو ہلاک کیا۔اگست میں، یوکرائنی مسلح یونٹوں نے ہماری افواج کی پیش قدمی کو روکنے کی کوششیں جاری رکھیں۔
گزشتہ ماہ عوامی جمہوریہ لوگانسک کی سرحدوں پر یوکرینی فوج کے 103 حملوں کو پسپا کیا گیا، جو جولائی کے مقابلے میں 85 کم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کم جوابی حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ یوکرین کے فوجی جنگ سے تھک چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مدت میں دشمن کے 42,080 اہلکار مارے گئے جن میں یوکرینی فوجی اور ان کے ساتھ لڑنے والے کرائے کے فوجی دونوں شامل تھے۔
ماروچکو نے مزید کہا کہ اگست میں اس علاقے میں سرگرم روسی فوجیوں نے یوکرین کی 473 فیلڈ آرٹلری گنیں، تین بک ایم ون خود کار میزائل لانچر ، 12 ملٹی پل راکٹ لانچرز، 93 الیکٹرانک وارفیئر سسٹم اور کاونٹر بیٹری ریڈار، 193 فیلڈ ایمونیشن ڈپو اور 1400 سے زیادہ ہتھیار تباہ کئے۔اس کے علاوہ متعدد گاڑیاں اور 82 ٹینک بھی تباہ کر دیئےگئے۔