روس کی اپنے شہریوں کو اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت

411
Russia
Russia

ماسکو۔4اکتوبر (اے پی پی):روس نے اسرائیل میں موجود اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔ رشیاٹوڈے کے مطابق اسرائیل میں روس کے سفیر اناتولی وکٹروف نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر روسی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل چھوڑ دیں۔

اناتولی وکٹروف نے مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔روسی سفیر نے کہا کہ ہم اسرائیل میں موجود اپنے شہریوں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ جب تک کہ وہاں سے باقاعدہ پروازیں چل رہی ہیں ملک سے نکل جائیں۔اناتولی وکٹوروف نے روسی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے سفر کے بارے میں فیصلہ کرنے سے پہلے اپنی زندگی اور صحت کو لاحق خطرات پر غور کریں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل اور پڑوسی ممالک میں صورتحال انتہائی گھمبیر ہے۔روس کی سول ایوی ایشن ایجنسی کی سفارشات کے مطابق متعدد روسی ایئر لائنز نے اس ہفتے کے شروع میں اسرائیل، ایران اور عراق کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں ۔قبل ازیں روس کے نائب وزیر اعظم کو لے کر دوحہ جانے والے طیارے کو اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے کی وجہ سے راستے سے موڑ دیا گیا تھا جس کے بعد یہ طیارہ واپس روس آگیا تھا۔