ماسکو ۔17دسمبر (اے پی پی):روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہونے والے بم دھماکے میں جوہری حفاظتی فورسز کے انچارج اور ایک اعلیٰ فوجی جنرل ہلاک ہو گئے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق منگل کو روس کے جوہری، بائیولاجیکل اور کیمیکل پروٹیکشن ٹروپس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف اپنے اسسٹنٹ کے ہمراہ دھماکے میں مارے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف ماسکو میں اپنے اسسٹنٹ کے ہمراہ رہائشی اپارٹمنٹ بلڈنگ سے باہر نکل رہے تھے جب ایک سکوٹر کے ساتھ نصب دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔
یوکرین میں کیمیکل ہتھیار استعمال کرنے کے الزام میں برطانیہ نے جنرل ایگور کیریلوف پر اکتوبر میں پابندیاں عائد کی تھیں۔
جنرل ایگور کیریلوف تقریباً تین سال قبل یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے ماسکو میں اس طرح کے دھماکے میں مارے جانے والے سب سے اعلیٰ روسی فوجی اہلکار ہیں۔
روسی تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ماسکو میں ریازنسکی ایونیو پر واقع رہائشی عمارت کے باہر کھڑے سکوٹر میں دھماکہ خیز مواد نصب تھا جو 17 دسمبر کی صبح پھٹنے سے جنرل ایگور کیریلوف کی موت واقع ہوئی۔
موقع پر موجود اے ایف پی کے رپورٹ نے بتایا کہ دھماکے سے عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے اور داخلی دروازے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔سال 2017 سے جنرل ایگور کیریلوف اس عہدے پر فائز ہیں اور روسی فوج کا ریڈیولاجیکل، کیمیکل اور بائیولاجیکل دفاعی یونٹ انہی کے زیر نگرانی تھا۔