اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی معیشت میں کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔جمعہ کو ویبنار سے خطاب کے دوران ہائی کمشنررضا بشیر نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کو حکومت پاکستان کی ایک سنگ میل کاوش قرار دیا ہے جس کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کی فزوں تر معیشت میں سرمایہ کاری کرنے اور سماجی و معاشی ترقی میں شریک ہونے کا موقع ملا ہے۔انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کو آر ڈی اے سکیم کے ذریعے روزمرہ اور لائف سٹائل بنکنگ اور پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت میں سرمایہ کاری کرنے کے مواقع اور فوائد سے آگاہ کیا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ پچھلے سال ستمبر میں لانچ کیے جانے کے بعد سے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کی مقبولیت میں از حد اضافہ ہوا ہے اور اب تک ایک لاکھ پینسٹھ ہزار بیرون ملک پاکستانیوں نے اس سکیم میں حصہ لیتے ہوئے لگ بھگ ڈیڑھ ارب ڈالر کی خطیر رقم کی پاکستان کے مالیاتی و معاشی نظام میں سرمایہ کاری کی ہے۔رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے روز اول سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اہمیت اور قومی معیشت میں ان کے کردار کو سراہا ہے اور پاکستان کی معاشی ترقی میں ترسیلات زر کے کلیدی کردار پر بیرون ملک پاکستانیوں کو ہمیشہ قدر اورتحسین کی نگاہ سے دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں ترسیلات زر وصول کرنے والے بڑے ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے اجرا سے بیرون ملک مقیم لگ بھگ نوے لاکھ پاکستانیوں کو مادر وطن کی ترقی اور کامرانی میں مزید بہتر انداز سے حصہ لینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اب تک روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں بیرون ملک پاکستانیوں کی دلچسپی اور بڑی تعداد میں اکائونٹس کھلوائے جانے اور ان اکائونٹس میں بھاری رقوم جمع کرائے جانے کے علاوہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں ستتر کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری سے ان کی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔
انہوں نے روشن ڈیجیٹل سکیم کے کامیاب اجرا اور اس سکیم میں روشن اپنی کار سکیم اور روشن سماجی خدمت جیسی نئی مصنوعات متعارف کرانے پر پر سٹیٹ بنک آف پاکستان اور دیگر قومی بنکوں کو سراہا۔ویبی نار سے بوسٹن میں پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل شاہد احمد خان،دوبئی اسلامک بنک پاکستان کے صدر اور سی ای او جنید احمد،ٹی سی ایف کینیڈا کے صدر ساجد سلمان،کنٹری ہیڈ اے سی سی اے سلیم اسلم اور دیگر نے خطاب کیا۔