اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کی تعداد میں اضافہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے یہ بات گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ان سے ملاقات کی ۔گورنر سٹیٹ بنک نے وزیرِ اعظم کو معاشی بحالی، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ پر بریفنگ دی۔
جس میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے اب تک دو لاکھ چار ہزار روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھلوائے۔
انہوں نے بتایا کہ اکاؤنٹس کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً ایک ہزار اکاؤنٹس کا اضافہ ہو رہا ہے۔ گورنر اسٹیٹ بنک نے بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں اب تک بیرونِ ملک سے 2.3 ارب ڈالر بھیجے جا چکے ہیں۔