اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے پھیلائے ہوئے شر نےروضہ رسولﷺ کے تقدس کو پامال کیا ہے ۔محبت، امن اور سلامتی کی جگہ کو سیاست کے لئے استعمال کیا گیا۔
جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے مائینڈ سیٹ نے روضہ رسول ﷺکی جس طرح بے حرمتی کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی کے اس فتنے کو معاشرے کے ہر ذی شعور شخص نے سخت ناپسند کیا ہے۔
جھوٹ اور بہتان پر مبنی عمران ازم جیسے فتنے کو روکنا ہوگا ورنہ عالم اسلام میں ہماری جگ ہسائی ہوگی۔روضہ رسولﷺ پر آج مٹھی بھر افراد کے فعل نے پورے عالم اسلام میں پاکستانیوں کا نام بدنام کیا ہے۔
یہ نہ اسلام کی تعلیم ہے اور نہ ہی پاکستان کی تہذیب،یہ صرف عمران ازم ہے۔ایسے خیالات کو شہ دینے والوں کا بھی قوم کو محاسبہ کرنا ہوگا۔