رومینہ خورشید عالم سے ”مائنس 2 ڈگری“ کے وفد کی ملاقات،کاربن ٹریڈنگ کی ہدایات کے کامیاب نفاذ کیلئے مقامی اور بین الاقوامی فریقین کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور

132
Rumina Khurshid Alam
Rumina Khurshid Alam

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے”مائنس 2 ڈگری“ کے وفد نے ملاقات کی۔ منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینے کے لیے کاربن کمی کی حکمت عملی پر بات چیت کرنا تھا۔

رومینہ خورشید عالم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی کاربن ٹریڈنگ پالیسی کی رہنما ہدایات قومی کاربن مارکیٹ کے قیام میں ایک اہم سنگ میل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہدایات سبز سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پیرس معاہدے کے تحت پاکستان کے موسمیاتی اہداف کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ رومینہ خورشید نے کہا کہ یہ اقدام کاروباری اداروں کو صاف ستھری ٹیکنالوجیز اور طریقوں کو اپنانے کی ترغیب دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس سے کم کاربن معیشت کی طرف منتقلی میں سہولت ملے گی۔

انہوں نے کاربن ٹریڈنگ کی ہدایات کے کامیاب نفاذ کے لیے مقامی اور بین الاقوامی فریقین کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ترقی یافتہ ممالک سے کہا کہ وہ ابھرتی ہوئی معیشتوں کو کاربن مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کریں۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سیکرٹری عائشہ حمیرا موریانی نے وفد کو وفاقی سطح پر بورڈ آف انویسٹمنٹ اور پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر صنعتی شعبے میں نیٹ زیرو کاربن اقدامات کو فروغ دینے کی ترغیب دی۔

عائشہ موریانی نے بنگلہ دیش کے اقتصادی زون کی کامیابی کا ذکر کیا جو موسمیاتی اہداف کے لیے مخصوص ہے جسے پاکستان کے لیے ایک ماڈل کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ایڈیشنل سیکرٹری ذوالفقار یونس نے وفد کی تجاویز کا جائزہ لیا اور مستقبل کے تعاون کے لیے قیمتی آراءفراہم کیں۔